بھٹکل ،14 / دسمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور میں چند دن پہلے سیاحت پر آئی ہوئی طالبات کی غرقابی کا جو حادثہ پیش آیا تھا اس پس منظر میں ضلع انتظامیہ کی طرف سے سیاحوں کے سمندر کی طرف جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ اس کی وجہ سے مقامی کاروباریوں اور ساحلی کنارے پر چھوٹی دکانیں چلانے والوں کا بڑا نقصان ہو رہا ہے ۔
اس وقت مرڈیشور مندر میں آنے والے زائرین اور سیاحوں کی بھیڑ میں اضافے کا موسم چل رہا ہے ۔ دسہرہ، دیپاولی، جیسے کرسمس تہوار، نئے سال کی تقریبات اور تعلیمی اداروں کی پکنک اور چھٹیاں منانے آنے والے سیاحوں کی کثیر تعداد مقامی کاروباریوں کے لئے اچھی کمائی کا ذریعہ ہوتی ہے ۔
پابندی کے منفی اثرات :ایک ایسے وقت میں جب کہ کرسمس اور نئے سال کے جشن قریب ہے ، ضلع انتظامیہ کی طرف سے سمندر کی طرف جانے پر لگائی گئی پابندی بہت سارے مسائل کا سبب بن گئی ہے ۔ ایک تو اس قسم کی پابندیوں کے وجہ سے اس مقام کی طرف دیش بھر سے آنے والے سیاحوں کی رغبت کم ہوجاتی ہے اور سیاح دوسرے مراکز کی طرف جانے کو ترجیح دیتے ہیں ۔ اس سے مندر کے احاطے اور اطراف میں دکانوں، گیسٹ ہاوس اور ہوٹلوں کا کاروبار متاثر ہوتا ہے ۔ دوسری طرف ساحل پر جانے کا راستہ بند کر دینے کے بعد وہاں جو چھوٹی چھوٹی دکانیں بنی ہوئی ہیں، ان کو بھی بند رکھا گیا ہے ۔ اس طرح وہ چھوٹے بیوپاری اپنی روزانہ کی کمائی سے بھی محروم ہوگئے ہیں ۔ ٹیکسی اور رکشہ والوں کی کمائی بھی کم ہو جاتی ہے ۔
کیا کہتے ہیں کاروباری حضرات :کہا جا سکتا ہے کہ سیاحوں کے تحفظ کے لئے انتظامات کرنے کے بجائے سمندری کنارے کا راستہ ہی بند کر دینے سے کوئی بڑا فائدہ ہونے کے بجائے مقامی معیشت پراس کا برا اثر پڑ رہا ہے ۔
ایک مقامی تاجر نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تہواروں اور چھٹیوں کے موقع پر اس طرح کی پابندیاں لگانے کی وجہ سے سیاحتی سرگرمیوں پر بھروسہ کرکے جینے والے مقامی کاروباریوں کا بڑا نقصان ہوتا ہے ۔ سیاحوں کے لئے حفاظتی انتظامات فراہم کرنے کی ذمہ دار ضلع انتظامیہ غفلت اور بے پروائی کا مظاہرہ کر رہی ہے ۔
لوکیش نامی ایک اور تاجر نے کہا کہ دسہرہ کے موقع پر بھی ضلع انتظامیہ نے اسی طرح پابندی عائد کی تھی ۔ اب کرسمس کے موقع پر بھی طالبات کی موت کو بہانہ بنا کر ساحل کی طرف جانے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔ اس سے کاروباریوں اور ملازمین کا نقصان ہوتا ہے ۔ اس سے بے روزگاری میں اضافہ ہوتا ہے ۔
منکال وئیدیا کا تیقن :ضلع انچارج وزیر منکال وئیدیا نے بتایا کہ مرڈیشور میں کسی بھی کا حادثہ ہونے سے روکنے کے لئے افسران کو چوکنا کر دیا گیا ہے ۔ انہیں بتا دیا گیا ہے کہ اب اگر اس قسم کا حادثہ ہوا تو پھر اس کی تمام تر ذمہ داری انہیں پر ہوگی ۔ ان سے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہا گیا ہے کہ سیاحوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ اضافی طور پر لائف گارڈز کی تعینانی اور محکمہ سیاحت کے زیر نگرانی بہتر حفاظتی انتظامات کرنے کے لئے ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ حالات کا جائزہ لینے کے بعد وہاں پر لگی ہوئی پابندی ہٹا دی جائے گی ۔